اسلام آباد(فاروق اقدس)خاتون اول اور پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے طالب علم ثناء یوسف کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کی ایک اور دلخراش مثال قرار دیا اور کہاہے کہ ، عورت کی ”ناں“ کو توہین سمجھا جانا اور اس کی مرضی کو قابو میں رکھنے کی کوشش دقیانوسی اور ظالمانہ سوچ کی عکاسی ہے۔ ان کے بقول، مردانہ برتری کی سوچ کی وجہ سے ہماری بیٹیاں قتل ہو رہی ہیں، آصفہ بھٹو زرداری نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ثناء یوسف کے ورثا، برادری اور اس سانحے پر غمزدہ تمام افراد سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔آصفہ بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر مقتولہ کے خلاف کی جانے والی کردار کشی پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ثناء یوسف کا قتل صرف اپنے حقوق کے اظہار پر ہونے والے تشدد کی ایک دردناک مثال ہے ، ثناء یوسف کو خواب دیکھنے، ترقی اور روشن مستقبل کا پورا حق تھا، وہ ایک آزاد اور محفوظ زندگی گزارنے کی حقدار تھی۔