• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور سے اغوا لڑکی کی بازیابی کیلئے آپریشن، ڈاکو ہلاک، دوسری مغویہ بازیاب

شکارپور (نامہ نگار) پشاور سے اغوا 11سالہ لڑکی حورم بنت سعید پٹھان کی بازیابی کیلئے تھانہ کوٹ شاہو کچہ کے علاقے میں ایس ایس پی شکارپور محمد کلیم ملک کی قیادت میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سرچ آپریشن میں پولیس مقابلے کے دوران پولیس نے ایک ڈاکو کو جہنم رسید کرتے ہوئے ایک دوسری مغوی لڑکی کو بازیاب کرالیا ہے۔ مارے گئے ڈاکو کی شناخت غلام یاسین ولد غلام نبی بنگلانی کے نام سے ہوئی ہے۔ جوکہ جیکب آباد اور کندھکوٹ کشمور کے مختلف تھانوں میں قتل، ڈکیتی، چوری و پولیس مقابلوں سمیت27سے زائد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس کے مطابق بازیاب ہونے والی لڑکی جینیفر عامر مسیح ہے جسے ایک ماہ قبل جھانسادیکر پنجاب کے شہر سے اغوا کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی شکارپور محمد کلیم ملک نے بتایا کہ تمام وسائل بروئے کار لاکر پشاور کی اغوا ہونے والی لڑکی حورم کی بازیابی تک آپریشن جاری رہے گا۔ دوسری جانب شکارپور کی سول سوسائٹی نے اغوا برائے تاوان کے واقعات میں کمسن لڑکیوں کے اغوا پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات حکومت سمیت اس سماج کے منہ پر ایک زور دار تماچہ ہیں۔ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث ان مٹھی بھر ڈاکوؤں نے پورے ضلع کا امن و امان چھین کر عوام کو محصور بنا لیا ہے۔
ملک بھر سے سے مزید