• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے فیلڈ مارشل کی کوششوں کو خراج تحسین

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی مشرق وسطی میں قیام امن کیلئے مصالحانہ کوششوں کو ترکی اور خلیجی ممالک کے تمام رہنماؤں نے بیک زبان ہوکرامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی اجتماعی فون کال میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ محسن نقوی ʼمشرق کے ہنری کسنجر قرار، جون میں اسلام آباد معاہدے پر دستخط ہونگے۔ حد درجہ قابل اعتماد سفارتی ذرائع نے اتوار کو یہاں جنگ /دی نیوز کو بتایا ہے کہ اس اجتماعی فون کال میں جس کی تاریخ میں پہلی مثال ہے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجودتھے جو پاکستان کی نمائندگی کررہے تھے اور دونوں متحارب ممالک کے درمیان فریم ورک معاہدے کی حتمی شکل دینے میں لائق تعریف کردارادا کرکے پوری دنیا سے تحسین سمیٹ رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہےکہ وہ مفاہمت جو فریم و رک معاہدے کی بنیاد کا کام دے رہی ہے اسے حاصل کرنا انتہائی دشوار تھااس میں پاکستان کواس وقت بڑی کامیابی ملی جب پاکستان کے وزیرداخلہ محسن نقوی کو گزشتہ ہفتے میں دوسری مرتبہ تہران بھیجا گیا اور انہوں نےوہاں سے گرین سگنل دیا جس پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران کا سفر اختیار کیا۔ ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ فیلڈمارشل نے ایران کی اس ’’اعلی ترین‘‘ قیادت سے بھی ملاقات کی ہے جس کی تائید کے بعد معاہدے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ محسن نقوی کے مصالحتی کوششوں میںکردار کے باعث انہیں ’’مشرق کا ہنری کسنجر‘‘ کہا جارہا ہے جنہوں نے ایسے ماحول میں کامیاب سفارتکاری کی جب بڑے بڑے سفارتی سورما اور نابغے اپنی کوششوں سے کوئی نتیجہ لانے میں ناکام ہورہے تھے۔

ملک بھر سے سے مزید