• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کی گندے پانی سے کاشت فصلوں کیخلاف کارروائی

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے عیدالاضحی کی تعطیلات کے فوراً بعد سیوریج پانی سے کاشت کی گئی غیر معیاری اور انسانی صحت کے لئے مضر سبزیوں کے خلاف کارروائیوں کا دوبارہ آغاز کر دیا ، اس سلسلے میں سمنگلی روڈ سے متصل علاقے کلی رمضان میں بڑی مقدار میں زیرکاشت اور تیار فصلیں تلف کی گئیں۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق زمین کو نالوں کے زہریلے پانی سے سیراب کیا جا رہا تھا جہاں سبزیاں اگا کر مقامی مارکیٹوں میں فروخت کے لئے تیار کی جا رہی تھیں۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے وقار خورشید عالم کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی عوامی صحت کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریاں پورے عزم، فعالیت اور شفافیت کے ساتھ انجام دیتی رہے گی۔ایسی سبزیاں انسانی صحت کے لئے نہایت خطرناک اور متعدد بیماریوں کا باعث بن سکتی ہیں اور ان کی کاشت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی جی بی ایف اے نے مزید کہا کہ نالوں کے آلودہ پانی سے سبزیاں اگانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صحت بخش خوراک کے لئے اپنی ذمہ داری ادا کریں اور ایسے اقدامات کی نشاندہی میں اتھارٹی سے تعاون کریں۔واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی یہ مہم چیئرمین بی ایف اے اور صوبائی وزیر خوراک کی خصوصی ہدایات پر جاری ہے، جس کا مقصد عوام کو ناقص و مضر صحت سبزیوں سے بچانا اور فوڈ سیفٹی کے اصولوں کو یقینی بنانا ہے۔اب تک اس مہم کے دوران کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں 300 ایکڑ سے زائد زمین پر کاشت کردہ غیر صحت بخش سبزیاں تلف کی جا چکی ہیں جبکہ مہم آئندہ دنوں میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔
کوئٹہ سے مزید