• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق کی ناراضی، ایچ ای سی نے ڈی جی اسامیوں کے انٹرویو ملتوی کردیئے

کراچی( سید محمد عسکری) وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ناراضی اور نوٹس لیئے جانے کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ڈی جی کی آسامیوں کے انٹرویوز ملتوی کردیئے ہیں۔ وفاقی حکومت کی واضح ہدایات اور جاری قانونی چیلنجز کے باوجود ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) میں سینئر عہدوں پر بھرتیوں کا عمل تاحال جاری ہے، جس نے ضوابطی عملداری اور شفافیت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے تھے جب کہ ایچ ای سی کے ایک قائم مقام ڈائریکٹر جنرل اور آٹھ ڈائریکٹرز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجودہ سلیکشن عمل کو چیلنج کرتے ہوئے درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 4 جون 2024 کو ایک واضح آفس میمورنڈم جاری کیا تھا جس میں تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، محکموں، اور خودمختار اداروں بشمول ایچ ای سی کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ بھرتیوں کے اشتہار کی اشاعت کے بعد 120 دن کے اندر بھرتی کا عمل مکمل کریں۔ ہدایت میں کہا گیا تھا کہ “ BPS-20 اور اس سے اوپر یا مساوی عہدوں پر بھرتیوں کے لیے 120 دن کی مدت میں توسیع صرف وزیرِ اعظم کی منظوری سے ممکن ہوگی۔" ایچ ای سی کے معاملے میں ان آسامیوں کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 29 جولائی 2024 مقرر کی گئی تھی۔ تاہم، تقریباً 11 ماہ گزرنے کے باوجود، وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے کسی بھی منظوری کے بغیر بھرتی کا عمل شروع کردیا گیا تھا جس کے بعد جنگ اور دی نیوز میں جب خبر شائع ہوئی تو اس کا وزیر تعلیم اور سلیکشن بورڈ کے بعض اراکین نے سخت نوٹس لیا جس کے بعد ڈی جی کی آسامیوں کے انٹرویوز ملتوی کردیئے گئے یاد رہے ہائر ایجوکیشن کمیشن میں بھرتی کی سرگرمیاں اُس وقت تیز ہو رہی ہیں جب موجودہ چیئرمین ایچ ای سی کی مدتِ ملازمت 30 جولائی 2025 کو ختم ہونے والی ہے۔ مزید برآں، ایچ ای سی سیکرٹریٹ کے سربراہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی مستقل تقرری تاحال عمل میں نہیں آئی ہے، اور یہ عہدہ قائم مقام بنیاد پر چلایا جا رہا ہے۔ اگرچہ یہ آسامی بھی مشتہر کی جا چکی ہے، لیکن تاحال مستقل تقرری عمل میں نہیں آ سکی۔ یاد رہے کہ جنگ اور دی نیوز نے منگل 10 جون کو خبر دی تھی کہ ڈائریکٹر جنرل کی تقرری کے لیے مشتہر کی گئی 13 آسامیوں میں سے کراچی اور حیدرآباد جو ملک میں اعلیٰ تعلیم کے اہم مراکز ہیں ,کے لیے کوئی نشست مخصوص نہیں کی گئی ہے اور 11 ماہ گزرنے بعد بھرتیوں کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید