شکارپور (نامہ نگار)عدالت سے واپسی پر موٹر سائیکل سواروں کی کار پر فائرنگ،4افراد ہلاک، لواحقین کا قومی شاہراہ پر لاشیں رکھ کر دھرنا، دونوں جانب کی ٹریفک معطل، واقعہ دیرینہ دشمنی کی بنیاد پر پیش آیا ہے،پولیس۔تفصیلات کے مطابق شکارپور ٹول پلازہ کے قریب قومی شاہراہ پر موٹرسائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کر کے کار میں سوار 4افراد کو قتل کردیا۔مقتولین میں گاؤں شادی خان سندرانی کے رہائشی نور محمد ولد لال محمد سندرانی، نظام الدین ولد لال محمد سندرانی، آدم ولد فتح محمد سندرانی اور کار ڈرائیور رسول بخش مارفانی شامل ہیں۔ملزمان اقدام قتل کے بعد جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔واقعے کے بعد مقتولین کے لواحقین نے لاشوں کو قومی شاہراہ پر رکھ کر دھرنا دیا جس کے باعث دونوں جانب سے گاڑیوں کی قطاریں لگ جانے کے باعث شدید گرمی میں مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔