احمد آباد(نیوز ایجنسی) بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں 12جون کی دوپہر کو اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہونے والا طیارہ بھارتی تاریخ کا دوسرا بدترین فضائی حادثہ بن گیا۔ حادثے میں عملے اور مسافروں سمیت 242 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔1996میں ہریانہ میں دو غیر ملکی ائیر لائنز ٹکراگئی تھی،349مسافر جاں بحق ہوئے تھے۔ بھارت میں حالیہ حادثے سے 37 سال قبل 1988 میں بھی احمد آباد ایئرپورٹ کی حدود میں طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں 133 افراد ہلاک ہوئے تھے۔بھارتی اخبار دکن کیرونیکل کی رپورٹ کے مطابق احمد آباد میں 37 سال قبل 1988 میں طیارہ اترنے کی کوشش جب کہ 12 جون 2025 کو طیارہ اڑان بھرنے کے فوری بعد گر کر تباہ ہوا۔بھارتی تاریخ میں 1958 سے لے کر 12 جون 2025 تک 2 درجن کے قریب بڑے حادثے ہوئے، جس میں سے متعدد حادثے ایئر انڈیا کے طیاروں کے ساتھ ہی پیش آئے۔بھارتی تاریخ کا پہلا فضائی حادثہ 25 مئی 1958 کو گڑگاوں میں پیش آیا، جس میں نصف درجن سے بھی کم افراد ہلاک ہوئے، مذکورہ طیارہ چھوٹا تھا۔بھارتی تاریخ کا پہلا بڑا فضائی حادثہ جولائی 1962 میں ممبئی ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا، جس میں 94 افراد ہلاک ہوئے تھے۔بھارت میں 1963 میں ہونے والے طیارہ حادثے میں 63 افراد ہلاک ہوئے، 1972میں ہونے والے حادثے میں 82 جب کہ 1973 میں ہونے والے حادثے میں 48 افراد ہلاک ہوئے۔