• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجٹ سے 5 روز قبل 3 اہم محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کی اچانک تبدیلیوں سے بیوروکریسی میں چہ مگوئیاں

لاہور (آصف محمود بٹ) پنجاب حکومت نے گزشتہ روز صوبائی بیوروکریسی میں ایک اہم ردوبدل کرتے ہوئے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) کے تین سینئر افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کئے ہیں ، جس کے تحت محکمہ داخلہ ، ہاؤسنگ اور کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹس میں نئے انتظامی سیکرٹریوں کی تعیناتیاں کی گئی ہیں ۔ معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ پنجاب کے بجٹ 2025-26سے پانچ روز قبل تین اہم محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کی اچانک تبدیلیوں سے بیوروکریسی میں بھی چہ مگوئیاں ہورہی ہیں ۔ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تبدیلیاں صوبے میں حکومتی امور کی مؤثر انجام دہی اور انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 21کے افسر کیپٹن (ر) اسد اللہ خان جو سیکریٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے، کو ان کے موجودہ عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے اور ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فی الحال ایس اینڈ جی اے ڈی کو رپورٹ کریں۔ ان کے لیے فوری طور پر کسی نئے عہدے کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم اس اقدام کو صوبائی بیوروکریسی میں وسیع تر انتظامی تبدیلیوں کا حصہ تصور کیا جا رہا ہے۔پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 21کے افسر کیپٹن (ر) نور الامین مینگل جو اس سے قبل سیکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے، کو تبدیل کر کے سیکریٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے یہ عہدہ بی ایس-20 سے بی ایس-21 میں ذاتی طور پر اپ گریڈ کیا گیا ہے جو ان کے دورِ تعیناتی کے دوران برقرار رہے گا۔دوسری جانب پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 21کے افسر ڈاکٹر احمد جاوید قاضی جو سیکریٹری کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے، کو سیکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ مقرر کر دیا گیا ہے جنہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید