• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عیدالاضحیٰ پر گوشت کے استعمال میں اعتدال سے کام لیں، ماہرین صحت

کراچی (بابر علی اعوان) عیدالاضحی کے موقع پر ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ قربانی کے گوشت کا غیر متوازن اور ضرورت سے زیادہ استعمال معدے، دل اور شوگر کے مریضوں کے لیے مسائل پیدا کر سکتا ہے، اس لیے گوشت کھانے میں اعتدال اور احتیاط ضروری ہے۔ جنرل فزیشن ڈاکٹر روحینہ احسان ملک نے بتایا کہ ہر سال عیدالاضحیٰ کے دنوں اور اس کے فوراً بعد اسپتالوں میں بدہضمی، اسہال، ڈائریا اور معدے کے دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے، جس کی بڑی وجہ مسلسل اور زیادہ مقدار میں گوشت کھانا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے گوشت کو مناسب درجہ حرارت پر محفوظ کرنا اور مقررہ مدت کے اندر استعمال کرنا ضروری ہے، کیونکہ طویل عرصے تک فریزر میں رکھا گیا گوشت صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ گوشت کو اچھی طرح دھو کر مکمل پکایا جائے اور ہفتے میں محدود مقدار میں استعمال کیا جائے۔ ان کے مطابق متوازن غذا کے ساتھ سبزیوں، سلاد اور پانی کا استعمال بھی بڑھایا جانا چاہیے تاکہ نظامِ ہاضمہ بہتر رہے۔ ماہر امراض قلب ڈاکٹر زین شاہ نے کہا کہ دل کے مریض کلیجی، مغز، گردے، تلی اور دیگر چربی و کولیسٹرول سے بھرپور اشیا سے حتی الامکان پرہیز کریں۔
اہم خبریں سے مزید