پشاور(آئی این پی )پشاور کے فیشن ایبل اور گنجان آباد علاقوں گلبہار، آفریدی گڑھی، فیصل ٹاون، گلشن کالونی سمیت متعدد مقامات پر رات 9 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ شہریوں کے مطابق 11ہزار وولٹ کی لائن میں خرابی کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ گرمی کی شدت کے باعث شہریوں کی حالت غیر ہو چکی ہے جبکہ متعدد گھروں میں برقی آلات جل چکے ہیں۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ واپڈا دفتر مکمل طور پر بند ہے، نہ کوئی اہلکار دستیاب ہے نہ شکایات پر رسپانس دیا جا رہا ہے۔ صحافی برادری اور مقامی عمائدین نے بھی بجلی کی عدم فراہمی اور واپڈا کی غفلت کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔عوام نے حکام بالا سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ خراب لائن کی مرمت اور وولٹیج کا مسئلہ فوری حل کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔