اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) تھانہ صدر واہ کینٹ کے علاقے میں پولیس کانسٹیبل سید سجاد حسین کو شہید کر کے فرار ہونے والا دوسرا ڈاکو قدرت اللہ افغانی بھی اپنے انجام کو پہنچ گیا۔تھانہ واہ کینٹ پولیس نے ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی تھی جس کے نتیجہ میں پولیس کانسٹیبل سید سجاد حسین شاہ شہید جبکہ ارباز نامی ایک ڈاکو بھی اپنے ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک اور دوسرا فرار ہو گیا تھا جس کی تلاش کیلئے سی سی ڈی اور صدر واہ پولیس پارٹی کی چیکنگ کے دوران ایک بار پھر فائرنگ کا تبادلہ ہو ا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ڈاکو قدرت اللہ ہلاک ہو گیا جو افغانی شہریت رکھتا تھا۔ ہلاک ڈاکو سنگین مقدمات سمیت ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ و مطلوب تھا۔