اسلام آباد (خبر نگار) گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی،بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا ہے کہ جیل میں دونوں میاں بیوی کی بینائی متاثر ہو رہی ہے، اڈیالہ جیل میں ایسا کون سا وائرس ہے کہ دونوں کی دائیں آنکھ خراب ہو رہی ہے، سرجری کیلئے انہیں ہسپتال لے جایا جاتا ہے، اڈیالہ جیل میں یہ علاج ممکن ہی نہیں، دوسرا مسئلہ دونوں کو قید تنہائی میں رکھنے کا ہے، 17 بار یہ فیصلہ پڑھا اس میں قید تنہائی کا کہیں ذکر موجود نہیں،کیا جیل حکام ایسی سزا میاں بیوی کو دے رہے ہیں جو فیصلے میں ہی نہیں لکھی ہوئی، کوئی حل نکالا جائے کہ قید تنہائی ختم ہو،ادھرپاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈزکیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف فیصلہ دینے میں مسلسل تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سزاؤں کی فوری معطلی اور رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔