اسلام آباد (جنگ رپورٹر) وفاقی آئینی عدالت نے سندھ میں گریڈ 17، 18اور 19میں پبلک سروس کمیشن کا امتحان لئے بغیر ہی کی جانے والی بھرتیوں سے متعلق اپیل کی سماعت کے دوران سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ، دوران سماعت جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ بادی النظر میں ان بھرتیوں میں غلطی ہوئی ہے جس کی تصحیح ضروری ہے،جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے جمعرات کے روز کیس کی سماعت کی تو جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کی بھرتیاں پبلک سروس کمیشن کے بغیر کیسے ممکن ہوئی ہیں؟ کیا ان تقرریوں میں قانونی طریقہ کار کی پیروی کی گئی ؟ ،دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے موقف اختیار کیا کہ یہ 11 بھرتیاں سندھ حکومت کے ایک پروجیکٹ کے تحت کی گئی تھیں۔