پشاور(جنگ نیوز)وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے مسلح ہوکر اسلام آباد کی طرف پیش قدمی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ گولی کا جواب گولی ہوگا، ہم صرف گولی نہیں چلائیں گے بلکہ اب ٹھونک کر ماریں گے، ۔پی ٹی آئی کے پیٹرن انچیف کی رہائی کے لئے پشاور کے علاقہ متھرا میں جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ سمیت دیگر حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔جلسہ تاخیر سے شروع ہوا اور کوئی بھی رہنما مقامی وقت تک پنڈال نہ پہنچا، جلسے کی وجہ سے ورسک روڈ پر ٹریفک کی صورت حال بدترین رہی۔وزیراعلیٰ کے جلسہ گاہ پہنچنے پر آتش بازی کی گئی جبکہ علی امین گنڈا پور نے اسٹیج پر آتے ہی پیٹرن انچیف کے حق میں نعرے بازی کی۔جلسہ سے پی ٹی آئی رہنماؤں نے خطاب کیا اور پارٹی کے پیٹرن انچیف کی رہائی کا مطالبہ دہرایا۔حیران کن طور پر جلسہ گاہ میں بجلی بلا تعطل جاری رہی جبکہ اطراف کے علاقے لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے تاریکی میں ڈوبے رہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مسلح ہوکر اسلام آباد جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اگر تم گولی مارو گے تو جواب میں ہم بھی گولی چلائیں گے اور صرف گولی نہیں چلے گی بلکہ تمھیں ٹھوک کر ماریں گے۔انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام تیار رہیں اگر ہم پر گولی چلی تو پھر انہیں بھی گولی کھانی پڑے گی۔