اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کو اپنانے، ان کی ترقی میں گلوبل ساؤتھ کی قیادت، ڈیجیٹل معیشت میں جدت، ریگولیشن اور جامع ترقی کے لیے اعلیٰ معیار قائم کرنے کا خواہشمند ہے، وزیر مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ سیلر نے 5 سال میں سافٹ ویئر فرم کو100 ارب ڈالر سے زائدکی کمپنی بنادیا وزیر خزانہ نے کہا کہ بٹ کوائن کو پاکستان کے خودمختار ذخائر، مالیاتی استحکام اور طویل المدتی ڈیجیٹل معاشی تبدیلی کے ایک اہم ذریعہ کے طور پر دیکھتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلال بن ثاقب اور سابقہ مائیکرواسٹریٹیجی کے ایگزیکٹو چیئرمین آف اسٹریٹیجی مائیکل سیلر کے ساتھ ایک اعلی سطح اجلاس کے دوران کیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے کہا سیلر کی کامیابی کی کہانی بے مثال ہے۔ انہیں بٹ کوائن کی ادارہ جاتی سطح پر اپنانے میں سب سے زیادہ بااثر آوازوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلال بن ثاقب نے کہا محض 5 سال میں سیلر نے اسٹریٹیجک وژن، مضبوط یقین اور منظم عمل درآمد کے ذریعے ایک درمیانے درجے کی سافٹ ویئر فرم کو100 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کی کمپنی میں تبدیل کر دیا ۔