• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ مذہبی اموراوقاف ونگ کے زیراہتمام حسن قرأت و حفظ قرآن مقابلہ

کوئٹہ(خ ن) محکمہ مذہبی امور اوقاف ونگ حکومت بلوچستان کے زیراہتمام 40 واں روح پرور صوبائی مقابلہ حسن قرأت و حفظ قرآن مجید کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر سے آنے والے ممتاز حفاظ کرام اور قراء نے بھرپور شرکت کی اور اپنی دلنشین قرأت سے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق سیکرٹری مذہبی امور سید عبدالمنان آغا تھے، جبکہ ڈپٹی سیکرٹری مذہبی امور عطاء اللہ، ڈاکٹر قاری عبدالرشید ودیگر معزز شخصیات بھی اس روحانی محفل میں شریک ہوئیں۔ عبدالمنان آغا نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حفاظ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقابلہ حسن قرأت اسلام کے متحرک ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔ نئی نسل کو قرآن مجید کی تعلیم سے روشناس کروانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ وہ قرآنی تعلیمات کی روشنی میں معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ڈاکٹر قاری عبدالرشید و دیگر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقابلہ حسن قرأت نہ صرف قرآن فہمی کا ذریعہ بلکہ دنیا و آخرت میں فلاح کی کنجی بھی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہر کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو قومی سطح کے مقابلہ حسن قرأت و حفظ کے لئے اسلام آباد بھیجا جائے گا تاکہ وہ صوبے کی نمائندگی کر سکیں۔تقریب کے اختتام پر سابق سیکرٹری مذہبی امور نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے حفاظ میں انعامات تقسیم کئے۔
کوئٹہ سے مزید