• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرا پارٹی انتخابات نہ ہوئے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کرینگے‘  ن لیگ نظریاتی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نظریاتی کارکن جہانگیر خان خروٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں فوری طور پر پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کرائے جائیں بصورت دیگر الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے پر مجبور ہوں گے ، اگر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی کیمپ لگاکر احتجاج کریں گے،یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر سلیم جبار ، عادل ، ناصر خان ، شاہد مگسی ، زبیدہ ، شائستہ خان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔جہانگیرخروٹی نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ (ن) پر پیراشوٹرز قابض ہیں جنہوں نے کارکنوں کو نظرانداز کیا ہوا ہے، پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کے کوئی کام نہیں ہورہے ۔پارٹی کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر کارکنوں کی بجائے دوسری پارٹی کے کارکنوں کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں ، جس سے کارکنوں میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے نظریاتی کارکن گزشتہ دو سال سے پرامن احتجاج کررہے ہیں لیکن ہمارے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ،اگر اب بھی ہمارے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات نہیں کئے گئے تو سخت احتجاج کا راستہ اپنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف پر مشکل وقت آیا تو نظریاتی کارکن ہی ان کے ساتھ کھڑے تھے لیکن آج بلوچستان میں پارٹی کو پیراشوٹرز کے حوالے کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں فوری طور پرمسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی انتخابات کرائے جائیں بصورت دیگر الیکشن کمیشن سے رابطہ کرنے پر مجبور ہونگے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی کیمپ لگاکر احتجاج کریں گے۔
کوئٹہ سے مزید