کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے نادہندگان کے کنکشنز منقطع کرنے کیلئے صوبہ بھر میں آپریشن کا آغاز کردیا ہے ۔ ترجمان کیسکو کے مطابق تمام نادہندہ سرکاری محکموں ، نجی اداروں ، زرعی ، گھریلو و کمرشل صارفین سے واجبات کی وصولی اور بجلی بلوں کی ادائیگی کیلئے نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں ، عدم ادائیگی کی صورت میں نا دہندگان کے کنکشن بلاتفریق منقطع کئے جارہے ہیں ۔ ترجمان کے مطابق نادہندہ صارفین کی جانب سے بروقت بل اور بقایا جات ادا نہ کرانے کی وجہ سے کیسکو کے مسائل میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، کیسکو تمام نادہندہ صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے بل مقررہ وقت پر ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ذمے تمام واجب الادا بقایا جات بھی ادا کریں ۔