اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی ) پاک بحریہ نے سمندر میں زخمی بھارتی عملے کو بچانے کیلئے کامیاب ریسکیو آپریشن کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جاری بیان میں بتایا کہ لائبریریا کے آئل ٹینکر ایم ٹی ہائی لیڈر نے اپنے زخمی بھارتی عملے کیلئے طبی امداد کی درخواست کی تھی۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاک بحریہ کےجوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (جے ایم آئی سی سی) نے ہنگامی کال سنتے ہی انتہائی سبک رفتاری سے ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عملے کے زخمی رکن کو پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ذریعے ہنگامی طبی امداد کے لیے کراچی کے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔