اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ تمام تربیتی اداروں کی بین الاقوامی ایکریڈٹیشن کروائی جائے ،پاکستان بھر میں وفاقی اور صوبائی پیشہ ورانہ اداروں میں دی جانے والی تربیت کو بین الاقومی معیار کا بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار تلاش کرنے میں آسانی ہو، بین الاقوامی معیار کی تربیت سے ہماری افرادی قوت کی بیرون ملک کھپت بڑھے گی اور زر مبادلہ میں اضافہ ہوگا۔وزیر اعظم نے ان خیا لات کا اظہار گزشتہ روز نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے امور اور پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے اجلاس کے دوران کیا،وزیر اعظم کو پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے لئے گئے اقدامات پر بریفنگ میں بتایاگیا کہ نیوٹیک نے ملک بھر میں وفاقی اور صوبائی تربیتی اداروں کی میپنگ کرلی،نیوٹیک کے نیشنل ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم کا آغاز فعال ہو چکا ،پبلک سیکٹر کے تمام پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز کو نیو ٹیم کے سنگل ریگولیٹری فریم ورک کے تحت لایا جا رہا ہے اور نصاب کی اسٹینڈرڈائزیشن بھی کی جا رہی ہے۔