• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واشنگٹن ،کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتہ اہم ہے ، ممکن ہے اس سے پہلے ہی بڑی کارروائی ہو، ایران پر اسرائیلی حملوں میں شمولیت کا فیصلہ تاحال نہیں کیا ، وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے دو مختلف مواقعو ں پر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگ کے نتیجے میں ایرانی حکومت تبدیل ہوسکتی ہے، ایران جوہری بم کی تیاری سے چند دنوں کی دوری پر تھا، تہران کیساتھ جوہری معاہدہ اب بھی ہوسکتا ہے، مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوئے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے اسرائیل اور ایران کے درمیان ثالثی کی پیشکش پر روسی صدر پیوٹن سے کہا ہے کہ وہ پہلے یوکرین کیساتھ امن قائم کریں۔ قبل ازیں انہوں نے کہا تھا کہ ایران مذاکرات چاہتا ہے لیکن اب بہت دیر ہوچکی ہے ، آئندہ ہفتہ اہم ہے، ممکن ہے اس سے پہلے ہی بڑی کارروائی ہو ، ایران کا دفاعی نظام ناکام ہوگیا ہے ، ان کو آگے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، ایران کے مذاکرات کاروں نے اشارہ دیا تھا کہ ’وہ شائد وائٹ ہاؤس آئیں لیکن یہ مشکل نظر آتا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی فضاؤں کا دفاع کرنے پر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے، ٹی وی پر اپنے بیان میں نیتن یاہو نے ٹرمپ کو اسرائیلی ریاست کا عظیم دوست قرار دیا، نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل "زبردست طاقت" کے ساتھ ایران کو نشانہ بنا رہا ہے، انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اسرائیل کو جنگ میں "تکلیف دہ نقصانات" کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے، جس نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا، بدھ کی شام کو کہا کہ ایران نے جمعہ سے اب تک تقریباً 400 بیلسٹک میزائل اور 1,000 ڈرون فائر کیے ہیں، اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع میں کسی تیسرے ملک کی شمولیت کی مخالفت کردی ہے ۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ ایران میں ان اہداف کو نشانہ نہ بنائے جن کا تعلق جوہری سرگرمیوں یا بیلسٹک میزائلوں سے متعلق سرگرمی سے ہو۔

اہم خبریں سے مزید