اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کی مالی تجاویز کو نافذ العمل بنانے اور قوانین میں اصلاحات کے لیے منظور کردہ فنانس بل کے تحت انسداد اسمگلنگ اقدامات کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کی غرض سے دو نئی شقیں شامل کی ہیں جن کے تحت "کسٹمز کمانڈ فنڈ" کے قیام اور "ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز" کی منظوری دی گئی ہے۔ نئے شامل کردہ سیکشن 225 کے مطابق کسٹمز کمانڈ فنڈ وفاقی حکومت کی منظوری سے اسمگل شدہ مال کی نیلامی سے حاصل شدہ آمدنی سے قائم کیا جائے گا، جس کا استعمال انسداد اسمگلنگ سرگرمیوں کی معاونت کے لیے کیا جائے گا اور اس فنڈ کے استعمال کے قواعد و ضوابط ایف بی آر اور فنانس ڈویژن کی مشاورت سے مرتب کیے جائیں گے۔