کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ٹرمپ کا ظہرانہ ایک سنگ میل ہے ، ایران اسرائیل کی ٹینشن میں فیلڈ مارشل عاصم بڑا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ان کا قد کاٹھ پاک بھارت جنگ کے بعد مزید بڑھا ہے،ایرانی صحافی جون حسین نے کہا کہ ٹرمپ کا آیت اللہ خامنہ ای کو ٹارگٹ کرنا ایک بہت بڑی غلطی ہوگی ، کچھ لوگوں میں یہ رحجان موجود ہے کہ ایران کی حکومت کو ایٹم بم بنا لینا چاہیے تھا۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ٹرمپ کا ظہرانہ ایک سنگ میل ہے۔ پاکستان حالیہ بحران میں ایک اچھا اور اہم کردار ادا کرسکتا ہے اور فیلڈ مارشل وہاں موجود ہیں تو خطے کے درجہ حرارت میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ اپنے دفاع کے لیے پاکستان کوئی بھی ہتھیار لینے کا حق رکھتا ہے۔ پاک امریکہ تعلقات میں یہ بڑی مائل اسٹون ڈیولپمنٹ ہے ۔ 75 سال میں پاک امریکہ کے تعلقات میں اس طرح کی گرمجوشی دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔ پاک امریکہ تعلقات کے اس خطے میں اور اس خطے کے باہر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ ٹرمپ سے یہ توقع کی جانی چاہیے کہ وہ ایران اسرائیل جنگ سے متعلق بات کریں گے لیکن یہ ملاقات پہلے سے طے شدہ تھا میں سمجھتا ہوں اس وقت ایک موقع ہے ایران اسرائیل کی ٹینشن میں فیلڈ مارشل عاصم بڑا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ان کا قد کاٹھ پاک بھارت جنگ کے بعد مزید بڑھا ہے اور میں سمجھتا ہوں فیلڈ مارشل اس خطے کے امن کے داعی ہونے کی نسبت سے وہ یہ پیغام دے سکتے ہیں کہ جس طرح ٹرمپ نے پاک بھارت میں کردار ادا کیا یہی کردار ایران اسرائیل جنگ میں بھی ادا کرسکتے ہیں۔