کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان علینہ فاروق نے اپنے پینل کے سامنے سوال رکھا کہ ایران اسرائیل جنگ میں براہ راست امریکہ کے شامل ہونے سے امریکہ کو فائدہ ہوگا یا نقصان؟ جواب میں تجزیہ کارسہیل وڑائچ، شہزاد اقبال، سلیم صافی اور عمر چیمہ نے کہا کہ امریکہ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ ایران اسرائیل تنازع میں براہ راست شریک ہو سکتا ہے کیونکہ وہ اسرائیل کے تحفظ کو اپنی قومی سلامتی کا حصہ سمجھتا ہے۔ ٹرمپ ماضی میں جنگوں کے خلاف تھے اور اقتدار میں آکر یہی وعدہ کیا تھا لیکن اب وہ بھی اسرائیل کے ساتھ کھڑے نظر آ رہے ہیں جو ان کے پرانے مؤقف کے برعکس ہے۔ایک سروے کے مطابق 81 فیصد ٹرمپ ووٹرز چاہتے ہیں کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکا جائے لیکن جنگ کے ذریعے نہیں۔ وقتی طور پر ایران کو نقصان ضرور ہوگا مگر طویل جنگ کا نقصان امریکہ کو بھی اٹھانا پڑے گا۔