پشاور ( وقائع نگار ) ضلعی انتظامیہ پشاور نے شہر بھر میں تجاوزات مافیا کے خلاف بھرپور گرینڈ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے اس سلسلے میں کارخانو مارکیٹ اور ورسک لفٹ کینال کے اطراف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں۔کارخانو مارکیٹ میں پی ڈی اے، سول ڈیفنس اور مقامی پولیس کے ہمراہ کی گئی کارروائی کے دوران سرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر زیر تعمیر پندرہ سے زائد دکانیں اور سرکاری راستے پر قائم دیگر پختہ تجاوزات مکمل طور پر مسمار کر دی گئیں۔ اس آپریشن کے نتیجے میں تقریباً پانچ کنال قیمتی کمرشل سرکاری اراضی، جس کی مارکیٹ ویلیو چھ کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے، واگزار کرا لی گئی۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ پشاور کی نگرانی میں ورسک لفٹ کینال کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن محکمہ آبپاشی، سوئی نادرن گیس، پی ڈی اے، واپڈا، ٹی ایم اے پشتخرہ، سول ڈیفنس اور مقامی پولیس کی مشترکہ کاوشوں سے عمل میں لایا گیا۔ کارروائی کے دوران نہر کے دونوں اطراف سرکاری زمینوں پر قائم تمام غیر قانونی تعمیرات، دکانیں، پختہ تجاوزات اور دیگر رکاوٹیں مکمل طور پر مسمار کر دی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ پشاور کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد سرکاری اراضی واگزار کرانا، عوامی راستوں کی بحالی، شہری سہولیات میں بہتری اور پشاور شہر کو تجاوزات سے پاک کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے کہا کہ تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور آئندہ بھی ایسے آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔