پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ اُن کا مشن سب سے پہلے سیدو سنٹرل ہسپتال کو مکمل طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (کیٹیگری اے) ہسپتال کے طور پر بحال کرنا ہے۔ اس کے بعد دیگر اہم ترجیحات پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ اقدام عوامی مفاد اور صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔ میری بھرپور کوشش ہے کہ سیدو ہسپتال کو وہ مقام دیا جائے جو اس کا حق ہے تاکہ عوام کو اپنے ہی ضلع میں مزید معیاری اور بنیادی طبی سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی و سماجی شخصیات میرے لیے قابل احترام ہیں اور عوامی مفادات میں ان کی تجاویز کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سیدو سنٹرل ہسپتال کو ڈی ایچ کیو (ضلع ہیڈکوارٹر) کیٹیگری اے ہسپتال کا درجہ دینا پہلی ترجیح ہے اور اس حوالے سے جلد وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور سے ملاقات کرکے عملی جامہ پہنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح عوامی مفاد ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ اس فیصلے سے عوام کو کسی قسم کی تکلیف یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے سیدو میڈیکل کالج میں سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال سیدو شریف سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔