پشاور (خصوصی نامہ نگار) مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے پولیس اینڈ سروسز ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں سی ٹی اسکین، کارڈیالوجی شعبہ میں ای ٹی ٹی جبکہ گیسٹروانٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ میں اینڈوسکوپی سروسز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایم ایس پولیس اینڈ سروسز ہسپتال ڈاکٹر مشتاق آفریدی، متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان اور طبی عملہ بھی موجود تھا۔احتشام علی نے کہا کہ ان سروسز کی فراہمی سے پولیس اینڈ سروسز ہسپتال کی تشخیصی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئے گی اور سرکاری ملازمین کو بروقت علاج میسر ہوگا۔ ماضی میں سرکاری ملازمین کو ان سروسز کے لئے دیگر ہسپتالوں کا رُخ کرنا پڑتا تھا، مگر اب یہ سہولیات انہی کے اپنے ہسپتال میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اینڈ سروسز ہسپتال لاکھوں سرکاری ملازمین اور ان کے خاندانوں کے علاج و معالجے کے لئے ایک اہم ادارہ ہے، ایم ایس ڈاکٹر مشتاق اور ان کی ٹیم اس شاندار کاوش پر داد و تحسین کے مستحق ہیں۔ ڈاکٹر مشتاق آفریدی نے کہا کہ ان سروسز کے آغاز سے او پی ڈی میں تین گنا اضافہ متوقع ہے، کیونکہ یہ اہم تشخیصی مراحل پہلے دوسرے ہسپتالوں میں ریفر کئے جاتے تھے۔ اب پورے صوبے کے سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ ان سہولیات سے براہِ راست مستفید ہو سکیں گے۔