کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے پوری زندگی پاکستان کے عوام کے لیے وقف اور ہمیشہ آئین ، جمہوریت، انسانی حقوق ، اظہارِ رائے کی آزادی کا پرچم بلند رکھا ۔ یہ بات پارٹی کےمرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی بلوچستان کے سیکرٹری صابر بلوچ ، ربانی خلجی ، شہزادہ کاکڑ ، عبدالغفور جعفر ، رحمت اللہ کدیزئی ، سید سعد اللہ شاہ ، رومیل خان ، جبار خلجی ، میر بابل بنگلزئی ، مولوی جمال اور دیگر نے ہفتہ کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی مناسبت سے کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب میں کہی ۔اس موقع پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔مقررین نے شہید بے نظیر بھٹو کو ان کی 72 ویں سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی جمہوریت ، مساوات اور انصاف پر ان کے غیر متزلزل یقین کا عملی ثبوت ہے ۔