• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بینظیر بھٹو کی سیاست،قربانی و جدوجہد مشعلِ راہ ہے، کرن بلوچ

کوئٹہ (پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پربیان میں کہا ہے کہ شہید بی بی اس خطے کی تاریخ کی وہ نایاب اور باہمت خاتون تھیں جنہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں خواتین کی قیادت کو ایک نیا وقار عطا کیا وہ جمہوریت، آئین، عوامی حقوق اور عورتوں کی خودمختاری کی علمبردار تھیں جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر آمریت اور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کو امر کر دیا۔کرن بلوچ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے مشکل ترین حالات میں، قید و بند کی صعوبتوں اور سیاسی انتقام کے باوجود عوامی رابطہ ختم نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ شہید بی بی کی سیاسی بصیرت، دور اندیشی، اور خدمتِ خلق کا جذبہ آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی پالیسیز، بالخصوص خواتین کی تعلیم، صحت اور معاشی خودمختاری کے حوالے سے اقدامات، آج بھی ناقابلِ فراموش ہیں۔ وہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، پُرامن اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتی تھیں۔کرن بلوچ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کو جاری رکھے گی اور ہر سطح پر خواتین کو بااختیار بنانے، جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
کوئٹہ سے مزید