پشاور(نیوز رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور عصمت اللہ وزیر نے خیبر روڈ پر احتجاج کرنے اور پاکستان تحریک انصاف کا کیمپ نذر آتش کرنے کے مقدمہ میں نامزد پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ہمایون خان اور پی پی پی کے پی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا کی عبوری ضمانت میں 12 جولائی تک کے لئے توسیع کردی۔گزشتہ روز کیس کی سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزاروں کے وکیل گوہر رحمان خٹک ا عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزاروں کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ انکے موکلوں کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے اور صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج کرنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل پرامن شہری ہیں اور احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے پر امن احتجاج پر پولیس نے لاٹھی چارج اور انسوگیس کے گولے برسائے اور اب ان کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں ۔عدالت نے درخواست گزاروں کی عبوری ضمانت میں 12 جولائی تک کے لئے توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ کیس کی سماعت کے بعد ہمایون خان کا کہنا تھا کہ ہم صوبائی حکومت کے جھوٹے مقدمات سے ڈرنے والے نہیں اور نہ ہی پارٹی کے خلاف جھوٹے اور بےبنیاد مقدمات سے عوام کے حقوق کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہونگے ۔