کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹرسمیع اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ دالبندین کے مدرسہ میں فوڈ پوائزننگ کے باعث میں متاثر ہونے والے طلبا کو ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت مفت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے یاسین ہسپتال، ڈاکٹرز ہسپتال اور شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال میں زیرعلاج مدرسے کے طلبا کی عیادت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ نے کہاکہ دالبندین کے مدرسے میں فوڈپوائزننگ کے نتیجے میں متاثر ہونے والے طلبا کوعلاج معالجے کی غرض سے کوئٹہ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیاہے صوبائی وزیر صحت بخت محمدکاکڑ کی خصوصی ہدایت پر تمام متاثرہ مریضوں کو فوری طور پر بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت یاسین ہسپتال، ڈاکٹرز ہسپتال اور شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ طلبہ کی بہترین ممکنہ دیکھ بھال فراہم کریں اور مریضوں یا ان کے اہل خانہ سے کسی بھی قسم کی رقم وصول نہ کریں۔انہوں نے بلوچستان ہیلتھ کارڈ کی ٹیم کو علاج کی کڑی نگرانی کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پرورگام تمام شہریوں کی بہبود اور صوبے بھر میں مفت اور معیاری صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔