کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )امریکی میگزین فوربس نے اپنی محنت سے دولت کمانے والی دنیا کی 50امیرترین خواتین کی فہرست جاری کردی ‘یہ خواتین13ممالک اورچار براعظموں سے تعلق رکھتی ہیں جس میں افریقہ اور جنوبی امریکا کی کوئی نمائندگی نہیں۔ ان سب کی مشترکہ دولت 276 ارب ڈالر(782کھرب روپے ) یعنی فی کس اوسطاً 5.5 ارب ڈالر۔ اگرچہ یہ 2021کے مقابلے میں 10ارب کم ہے مگر 2017کے مقابلے میں 158ارب ڈالر زیادہ ہے‘فہرست میں شامل نصف کے قریب خواتین کا تعلق ایشیاء پیسفک خطے سے ہے۔چین اور امریکا کی سب سے زیادہ خواتین ہیں۔فہرست میں امریکا اور چین /ہانگ کانگ کی 18،18جبکہ کینیڈا،انڈیا ‘ برطانیہ اور انڈونیشیاکی دو، دو خواتین شامل ہیں ۔لسٹ کے مطابق دنیاکی سب سے امیرسیلف میڈخاتون رافیلا اپونٹےڈیامونٹ ہیں جن کا تعلق سوئٹزرلینڈ سے ہے اور ان کی مجموعی دولت 38.8 ارب ڈالر (110کھرب روپے) ۔اپونٹے اور ان کے شوہر جیان لوئیگی نے میڈیٹرینین شپنگ کمپنی (MSC) کی بنیاد رکھی جو آج دنیا کی سب سے بڑی شپنگ لائن ہے۔دوسرے نمبر پر امریکا کی ڈیان ہینڈرکس ہیں جن کی دولت 22.3 ارب ڈالر(63کھرب روپے ) ہے۔ وہ ABC Supply کی شریک بانی ہیں جو چھتوں، دیواروں وغیرہ کے سامان کی ایک بڑی تقسیم کار کمپنی ہے۔ وہ ان 18 امریکی خواتین میں شامل ہیں جن میں اوپرا ونفری اور شیریل سینڈبرگ جیسے بڑے نام بھی شامل ہیں۔ چین اور ہانگ کانگ سے بھی 18 خواتین اس فہرست میں شامل ہیں۔ ان میں سب سے امیر ترین ہیں ژونگ ہوی جوان جو چین کے صوبہ جیانگسو میں رہتی ہیں اور ایک سابق کیمسٹری ٹیچر ہیں۔ انہوں نے 1995 میں Hansoh Pharmaceuticals کی بنیاد رکھی، اور 1999 میں پھیپھڑوں کے کینسر کی دوا Gainuo کی کامیابی سے بڑا بریک حاصل کیا۔ یہ کمپنی اب ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ ہے اور سالانہ 1.7 ارب ڈالر کا ریونیو حاصل کرتی ہے۔