اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار یوسف نے پیر کو محرم الحرام کے دوران بین المسالک ہم آہنگی اور امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں راولپنڈی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ممتاز علمائے کرام و مشائخ عظام نے شرکت کی، اجلاس میں شامل علمائے کرام اور مشائخ عظام کی آرا کی روشنی میں ایک جامع ضابطہ اخلاق مرتب کیا گیا ،تمام مکاتب فکر اپنے درمیان محبت ، رواداری اور افہام و تفہیم کی فضا قائم کر نے کی خلوص دل سے کوشش کریں گے،وزیر مذہبی امور نے کہا کہ علمائے کرام و مشائخ عظام کی مشاورت سے ملک میں یگانگت، بھائی چارے اور امن کی فضا قائم رکھنےاور مسلکی رواداری کو یقینی بنانے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا گیا ہے،بین المسالک ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھنے کیلئے قومی، ملی اور ملکی حالات و معاملات میں تمام مکاتب فکر کے علماء کے اتحاد و اتفاق کی سخت ضرورت ہے۔اجلاس میں شامل علمائے کرام اور مشائخ عظام کی آرا کی روشنی میں ایک جامع ضابطہ اخلاق مرتب کیا گیا ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے متفقہ ضابطہ اخلاق کا اعلان کیا جس کے مطابق تمام مکاتب فکر اپنے درمیان محبت ، رواداری اور افہام و تفہیم کی فضا قائم کر نے کی خلوص دل سے کوشش کریں گے،دوسرے مسالک کے اکابرین کا احترام کرینگے، نیز ایک دوسرے کے مقدسات کی توہین اور تنقیص سے اجتناب کریں گے۔ علمائے کرام ، خطبا اور مصنفین اپنی تقریروں اور تحریروں میں توازن و اعتدال پیدا کریں اور ایسے اشتعال انگیز بیانات اور تحریروں سے اجتناب کریں گے جن سے دوسروں کی دل آزاری ہو سکتی ہو،مسلکی تنازعات کو باہم مشاورت، افہام و تفہیم اور سنجیدہ مکالمے کے اصولوں کی روشنی میں طے کریں گے،عوامی پلیٹ فارم سے اپنے مخالفین کے خلاف طعن و تشنیع سے مکمل اجتناب کیا جائے گا۔