اسلام آباد( رپورٹ:،رانامسعود حسین) سپریم کو رٹ کے آئینی بنچ نے افواج پاکستان سے تعلق رکھنے والے افسران کے بغیر امتحان سول سروس کا حصہ بننے کیخلاف دائر مقدمہ میں وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ، سکولوں میں لائف سکلز ایجوکیشن کے اجراء کے مقدمہ کی سماعت دوران وفاقی و صوبائی سیکریٹری ہائے ، ایجوکیشن کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا جبکہ یونیورسٹیوں میں وائس چانسلروں کی خالی نشستوں پر تقرریوں سے متعلق مقدمہ کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی نظر ثانی کی درخواست واپس لینے کے لیے درخواست گزار کو مہلت دے دی ، سینئر جج ، جسٹس امین الدین کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر،جسٹس سید حسن اظہر رضوی،جسٹس مسرت ہلالی اورجسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل 5رکنی آئینی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو درخواست گزار وکیل علی عظیم آفریدی نے موقف اختیار کیا کہ سول امیدواروں کو تو سی ایس ایس کے امتحان میں شامل ہونے کے لئے پہلے تحریری امتحان اور پھر انٹرویو پاس کرنا پڑتا ہے جبکہ آرمڈ فورسز کے امیدوار فسران کو سول اداروں (بیوروکریسی ) کا حصہ بننے کے لئے باقاعدہ سی ایس ایس کرنے کی بجائے محض ایک انٹرویو دینا ہوتا ہے۔