کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں ایران اسرائیل جنگ میں امریکہ کی شمولیت پر میزبان علینہ فاروق نے پاکستان کی حکمت عملی سے متعلق سوال اٹھایا۔ تجزیہ کار سلیم صافی، فیصل وڑائچ، ارشاد بھٹی اور محمل سرفراز نے کہا کہ ایران کی صورتحال کا سب سے زیادہ اثر پاکستان پر پڑ رہا ہے اور مستقبل میں بھی پڑے گا، اگر ایران میں رجیم چینج کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو اسرائیل کے زیر اثر حکومت کا ایران میں بیٹھنا پاکستان کے لیے نہایت خطرناک ہوگا، اگر جنگ طویل ہوتی ہے تو پاکستان کو خود کو اس کے اثرات سے محفوظ رکھتے ہوئے امریکی و اسرائیلی جارحیت کی ہر سطح پر مذمت کرنی چاہیے۔ سفارتی محاذ پر کوشش ہونی چاہیے کہ امن کی کوئی صورت نکل آئے کیونکہ اگر ایران کے بعد پاکستان نشانے پر آیا تو ہمیں تیار رہنا ہوگا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ یورینیم جیسے اہم اثاثے محفوظ مقامات پر منتقل کئے جائیں تاکہ ممکنہ حملے کی صورت میں نقصان نہ ہو۔تفصیلات کے مطابق تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کی ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی ہے۔