لاہور(آصف محمود بٹ)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) میں بدعنوانی اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (LESCO) ملازمین سے مبینہ گٹھ جوڑ کے الزامات پر وزارت داخلہ نے ادارے کے 8سینئر افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا، افسران پر بدعنوانی میں ملوث ہونے، شکایات کو دبانے، اور غیرقانونی مالی معاملات کرنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ معطل کیے گئے افسران میں ایک ڈپٹی ڈائریکٹر (گریڈ 18) اور سات اسسٹنٹ ڈائریکٹرز (گریڈ 17) شامل ہیں، جن پر لاہور میں ایف آئی اے کے انسدادِ بدعنوانی سرکل کے دوران سنگین بے ضابطگیوں اور سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔یہ معطلیاں ان دو اعلیٰ سطح کی انکوائری رپورٹس کی روشنی میں کی گئی ہیں جو سابق وفاقی سیکریٹری شاہد خان اور ایڈیشنل سیکریٹری (ایڈمن) سہیل حبیب تاجک کی سربراہی میں تیار کی گئیں۔