اسلام آباد (ایجنسیاں) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سابق وزیراعظم عمران خان سے مذاکرات یا پس پردہ رابطوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج سیاسی جماعتوں سے بات کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی‘یہ سیاستدانوں کا کام ہے کہ وہ آپس میں بات کریں‘پاکستان کی فوج کو برائے مہربانی سیاست میں ملوث نہ کیا جائے‘ہم اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر مکمل توجہ دیتے ہیں‘ سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے مفروضوں پر توجہ دینے سے اجتناب کیا جانا چاہیے‘ ایک پاکستانی شہری کی زندگی ہمیں ہزاروں افغان شہریوں سے زیادہ مقدم ہے‘ اسٹریٹجک غلط فہمیوں کا شکار لوگ اپنا ذہن صاف کریں‘بلوچستان کے لوگ پاکستان کے ساتھ ہیں‘بلوچستان میں جو دہشت گرد کام کر رہے ہیں، وہ کس کو نشانہ بنا رہے ہیں؟وہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں‘ وہ ہم سے براہ راست مقابلے سے گھبراتے ہیں،کسی کے پاس یہ حق نہیں کہ وہ کسی کو غائب کرے۔