کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی ایئرپورٹ پر جمعہ کی صبح آمد اور روانگی کی 2 پروازوں سے پرندے ٹکرا گئے جبکہ شدید فنی خرابی پر تیسری پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔ ترجمان پی اے اے کے مطابق جمعہ کی صبح کراچی استنبول کی پرواز ٹی کے 709 ٹیک اف کے لیے رن وے پر تھی کہ طیارے سے کے ایک انجن سے پرندہ ٹکرا گیا۔ پائلٹ نے ٹیک آف منسوخ کرکے طیارے کو ٹیکسی وے پر موڑ دیا۔ معائنے پر پرندے کی باقیات انجن سے پائی گئیں جس پر طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا اور مسافروں کی امیگریشن اور بورڈنگ منسوخ کرکے انہیں گھر بھیج دیا گیا۔ سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 701 صبح سوا 9 بجے کراچی سے روانہ ہوئی تو پائلٹ کو طیارے کے انجن میں آگ کا سگنل موصول ہوا جس پر پائلٹ نے ایمرجنسی ڈیکلیئر کردی۔ ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر پائلٹ نے سمندر پر پرواز کرکے جہاز کا اضافی ایندھن ضائع کیا بعد ازاں طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر باحفاظت لینڈ کرگیا۔