کراچی، لاہور، پشاور (اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ، نامہ نگار) کراچی، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران حادثات کے نتیجے میں 8 بچوں، خواتین سمیت 40 افراد جاں بحق ہوگئے۔
شہر قائد کے علاقے نیو کراچی، کورنگی، گولیمار میں کرنٹ لگنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ لیاری میں مخدوش عمارت کی چھت سے گر کر باپ اور کمسن بیٹی جاں بحق جبکہ خاندان کے دیگر 5 افراد زخمی ہوگئے۔
خیبرپختونخوا میں بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 8 بچوں اور خواتین سمیت 19 افراد جاں بحق جبکہ پنجاب میں بارش کے دوران چھت گرنے اور دیگر واقعات میں بچوں سمیت 15 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے سمیت مختلف حادثات میں بچے سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
عوامی کالونی کے علاقے کورنگی بلال کالونی مرتضیٰ چوک کے قریب کرنٹ لگنے سے 17 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا جس کی لاش کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا، متوفی کی شناخت مدثر خان ولد سونا خان کے نام سے ہوئی۔
گولیمار فردوس لال مسجد کالونی پنکچر کی دکان پر کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جسکی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ متوفی کی شناخت 22 سالہ میر جان ولد منظور کے نام سے ہوئی۔ متوفی پنکچر بنانے والا بتایا جاتا ہے۔
نیو کراچی سیکٹر الیون جے شان برف ڈپو کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بجق ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ گلفام ولد حاجی بشیر کے نام سے ہوئی۔
منظور کالونی سیکٹر آئی گلی نمبر 1 میں میں دو منزلہ مکان کی دیوار گر گئی، دیوار برابر والے پلاٹ پر گری جہاں والد اور دو بچے موجود تھے۔ حادثے میں دو سالہ بچہ حسن ولد 40 سالہ رضوان جاں بحق جبکہ والد رضوان اور 6 سالہ بھائی محمد حسین زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق شبہ ہے کہ برسات کے باعث حادثہ رونما ہوا، گرنے والی دیوار حال ہی میں تعمیر ہوئی تھی، حادثے سے متعلق مزید معلومات اکھٹی کی جا رہی ہیں۔
لیاری میں خستہ حال عمارت کی چھت گرنے سے باپ اور کمسن بیٹی جاں بحق جبکہ خاندان کے دیگر 5 افراد زخمی ہوگئے۔
بغدادی تھانہ کی حدود لیاری موسی لین گلی نمبر 5 کوثر مسجد کے قریب خستہ حال عمارت کی چھت اچانک گر گئی جسکے باعث گھر میں موجود 45 سالہ دانش ولد غلام رسول اور اس کی کمسن بیٹی 3 سالہ علیمہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 30 سالہ کاش ولد سلیم، 30سالہ بینش زوجہ حسن، 4 سالہ زبیدہ دختر نعمان، 11سالہ ایان دختر دانش اور 12سالہ عاصم ولد دانش زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا ہے کہ عمارت کے ایک فلور کی چھت گری، عمارت 30 سے 35 سالہ پرانی ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اب تک ہونے والی بارشوں، تیز آندھی، فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حادثات کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کی جانب سے بارش، سیلاب/فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث صوبہ میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 مرد، 5 خواتین اور 8 بچے جبکہ زخمیوں میں 3 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارش کے باعث مجموعی طور پر 56 گھروں کو نقصان پہنچاجس میں 50 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور 6 مکمل طور پر منہدم ہوئے، حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، ایبٹ آباد، چارسدہ، ملاکنڈ، شانگلہ، دیر لوئر اور تورغر میں پیش آئے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ضلع سوات رہا جس میں 13 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں ہفتے کے روز بھی بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی تاہم حبس بڑھ گیا۔
شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے عباس نگر میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 2 کمسن بچے جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ عتیق نامی شہری کے گھر پیش آیا جہاں ایک ہی خاندان کے 5 افراد ملبے تلے دب گئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 9سالہ عائشہ اور 11سالہ حسنین کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں 35 سالہ عتیق، 30 سالہ سمیرا اور 6 سالہ سلیمان شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں بارش اور آندھی کے باعث حادثات کی رپورٹ جاری کر دی ہے، موسلادھار بارش سے چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات رپورٹ ہوئے۔
ترجمان کے مطابق 25 جون سے27 جون تک مختلف شہروں میں 25 حادثات رپورٹ ہوئے۔ مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق، 39 زخمی ہوئے، چھتیں اور دیواریں گرنے سے زیادہ اموات ہوئیں، چھتیں اور دیواریں گرنے کے 28 واقعات پیش آئے، بہاولنگر، فیصل آباد، خانیوال میں بھی حادثات رپورٹ ہوئے۔