کراچی( افضل ندیم ڈوگر) سوشل میڈیا پر محبت کے بعد کراچی آکر لیاری کے لڑکے سے شادی اور پھر طلاق پانے والی تیونس کی لڑکی کو وومن پولیس لیاقت آباد نے ٹیونیشین سفارتخانے کے حوالے کر دیا، اسے رات گئے کراچی سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ وومن لیاقت آباد عظمی خان کے مطابق پولیس کی جانب سے ٹیونیشیا کی شہری 19 سالہ سندا ایاری کے ایگزٹ پرمٹ اور وطن واپسی کی کوششیں کی جا رہی تھیں کہ میڈیا پر خبریں سامنے آنے پر اسلام آباد میں ٹیونیشیا کے سفارت خانے کے عملے نے ان سے رابطہ کیا۔ عظمی خان کے مطابق خاتون سفارتکار نے ہفتہ کی دوپہر انہیں فون کرکے تمام تفصیلات حاصل کیں۔ عظمی خان کے مطابق انہوں نے لڑکی سے خاتون سفارتکار کی بات چیت کرائی۔ خاتون سفارتکار نے لڑکی کو باحفاظت وطن واپس پہنچانے کی ذمہ داری لی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رابطہ کیا۔ ایس ایچ او عظمی خان کے مطابق کراچی پولیس چیف کی ہدایت پر لڑکی کو سفارتی عملے کے حوالے کر دیا گیا اور سندا ایاری کو رات گئے پرواز سے اسلام آباد پہنچا دیا گیا۔ لڑکی کے ایگزٹ پرمٹ اور باحفاظت وطن واپسی کا انتظام سفارتخانے کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔