• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیفنس، کروڑ پتی ماسی کو کیسے گرفتار کیا گیا، پولیس نے تفصیلات بتادیں

کراچی( ثاقب صغیر )ڈیفنس میں بنگلے پر کام کرنے والی کروڑ پتی ماسی کو کیسے گرفتار کیا گیا، پولیس نے تفصیلات بتا دیں۔پولیس نے بتایا کہ انوشہ نامی ایک مدعیہ پولیس کے پاس آئی اور بتایا کہ میرے شوہر لندن میں مقیم ہیں اور ہمارا کاروبار کراچی میں ہے۔وہاں سے جو آمدنی ہوتی ہے اس کا کچھ حصہ کیش کی صورت میں گھر میں رکھتے ہیں جبکہ باقی بینک میں ہوتا ہے۔مدعیہ انوشہ کے مطابق ان کے شوہر کو کسی خاتون نے فون پر اطلاع دی کہ آپ کے گھر میں کام کرنے والی ماسی شہناز نے مختلف اوقات میں بھاری رقم چرا کر اپنی جائیداد بنالی ہے۔میں نے شوہر کے کہنے پر جب رقم چیک کی تو اس میں 5 کروڑ روپے کم تھے۔پولیس نے بتایا کہ پولیس نے فوری طور پر ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کا آغاز کیا اور تفتیش کیلیے لیڈی کانسٹیبل کے ساتھ اس کے گھر پہنچی۔ اس کا پرتعیش گھر دیکھ کر وہاں پہنچنے والی پولیس پارٹی حیران رہ گئی جبکہ ماسی بھی پولیس کو دیکھ کر پریشان ہوگئی ۔پولیس نے ابتدائی تفتیش میں جب اس سے سوالات پوچھے تو وہ گھبرا گئی اور خود ہی سب مان گئی۔سب سے پہلے ملزمہ شہناز سے ایک کار برآمد ہوئی لیکن مزید تفتیش کرنے پر مجموعی طور پر اس کے نام پر 6 گاڑیاں نکلیں جس 3 موٹر سائیکلیں اور تین کاریں شامل ہیں۔ ملزمہ شہناز نے اپنے گھر سے 7 لاکھ روپے کیش بھی نکال کر دیے۔بعد ازاں عدالت سے اس کا جسمانی ریمانڈ لیا گیا اور مزید تفتیش کی گئی۔ ملزمہ کے شناختی کارڈ سے اس کے نام پر بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کیں تو پتہ چلا کہ دو بینکوں میں اس کے مجموعی طور پر 37لاکھ روپے موجود ہیں۔پولیس نے بتایا کہ اس کے پہلے شوہر کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ دوسرے سے اس نے خلع لے رکھی ہے۔ اس کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔ملزمہ نے بتایا کہ میں اپنے عام کپڑوں میں کام پر جاتی تھی اور کپڑوں میں چھپا کر رقم لاتی تھی۔ گھر کی مالکن انوشہ کے مطابق گھر میں مزید اور بھی ملازمین ہیں لیکن اس خاص کمرے تک صرف اسی ماسی کو رسائی تھی کیونہ شہناز 15 سال سے ہماری بھروسے والی ملازمہ تھی۔پولیس نے بتایا کہ ملزمہ پنجاب میں بھی ایک 15 مرلہ کا پلاٹ لے کر اس پر گھر بنا رہی ہے اور اس نے ایک کریانہ کی دکان بھی کھول رکھی ہے جس میں 20 لاکھ روپے مالیت کا سامان ڈالا گیا ہے۔ ملزمہ شہناز نے ایک مہینہ پہلے اپنی بیٹی کی شادی پر 35 لاکھ روپے خرچ کیے تھے۔پولیس نے مزید بتایا کہ شہناز کے نام پر تین لگژری فلیٹس ہیں جن کی مالیت تقریباً ڈیڑھ سے پونے دو کروڑ ہیں۔ اب تک ملزمہ سے 45 لاکھ روپے کیش برآمد کیا جا چکا ہے اور اس کی جائیدادوں سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اہم خبریں سے مزید