پشاور(این این آئی)خیبرپختونخواحکومت نے دریائے سوات کے کنارے تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کی ہدایات پر سوات میں چیف سیکرٹری کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء، ترجمان وزیراعلی، ایم پی ایز اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں جائے حادثے پرپولیس کی غیر موجودگی پر ایس پی سے وضاحت طلب کی گئی اور ساتھ ہی ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ سیلابی صورتحال میں لائف جیکٹس اور رسیوں کی ترسیل کے لیے ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دریائے سوات سمیت مختلف مقامات پر تجاوزات کوبلا تفریق ختم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ دریا کنارے قانونی وغیر قانونی مٹی نکالنے کی سرگرمیاں فوری بند کرنے اور بغیر اجازت تعمیر شدہ ہوٹلز کو فوری ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔