لاہور(نمائندہ خصوصی،اپنے نامہ نگار سے، نیوز رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 ارکان کو ہنگامہ آرائی کرنے پر معطل کر دیا گیا، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجنے کا اعلان کر دیا، ڈیسکوں پر چڑھ کر مائیک توڑنے والے10ارکان پر20لاکھ سے زائد جرمانہ، سانحہ دریائے سوات پر مذمتی قرارداد پیش۔ نوٹیفکیشن کے مطابق26ارکان کو 15اجلاسوں کے لیے اسمبلی کی کارروائی سے معطل کیا گیا۔پنجاب اسمبلی اجلاس میں سانحہ دریائے سوات پر مذمتی قرارداد پیش کردی گئی ،سانحہ پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ایوان میں کسی کو ہلڑ بازی اور طوفان بد تمیزی کرنے کی اجازت نہیں دوں گا۔اپوزیشن خاموشی سے آئی، کچھ دیر بعد خاموشی سے چلی گئی۔ ہفتہ کے روز پنجاب اسمبلی کا اجلاس 3 گھنٹے 47 منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔اجلاس میں اپوزیشن کا ایک بھی رکن موجود نہیں تھا،اجلاس میں دریائے سوات کے سانحے کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کرائی گئی۔