لاہور(آصف محمود بٹ ) پاکستان سول سروسز اکیڈمی میں تربیت حاصل کرنے والے افسران آ ئندہ سال سے ٹریننگ کے دوران ملک بھر میں فیڈرل گورنمنٹ اور آرمی پبلک سکولوں میں پاک فوج کے جے سی اوز ، حوالدروں اور سپاہیوں سمیت دیگر رینکس کے ملازمین کے بچوں کو پڑھائیں گے۔ اس بارے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ کے مابین حالیہ ملاقات میں اتفاق کیا گیا ہے۔ سال 2026سے سول سروسز اکیڈمی میں ٹریننگ حاصل کرنے والے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان، فارن سروس، کسٹمز، ان لینڈ ریونیو اور آفس مینجمنٹ گروپ سمیت دیگر تمام سروسز سے تعلق رکھنے والے زیر تربیت سول افسران اپنی 3ماہ کی ملٹری اٹیچمنٹ کے دوران مذکورہ رینکس کے فوجی ملازمین کے بچوں کی درس و تدریس کی ذمہ داریاں بھی سرانجام دیں گے جس کا مقصد پبلک ویلیو بڑھانا ہے۔ 52ویں کامن کے زیر تربیت افسران نے نہ صرف فوجی یونٹس میں اپنی موجودہ ملٹری اٹیچمنٹ کے دوران وہاں موجود لائبریریوں میں کتابیں بطور عطیہ دیں بلکہ یونٹس کے صحنوں میں پودے لگائے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ آئیندہ ملٹری اٹیچمنٹ کے دوران سول افسران کو پاک فوج کے کمانڈنگ افسران جن فیڈرل گورنمنٹ اور آرمی پبلک سکولوں میں اجازت دیں وہاں وہ جے سی اوز ، حوالدروں اور سپاہیوں سمیت دیگر رینکس کے ملازمین کے بچوں کو پڑھائیں گے۔ فرحان عزیز خواجہ نے بتایا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ سول افسران چونکہ ایک پڑھے لکھے لڑکے لڑکیاں ہوتے ہیں اور 8 ماہ تک سول سروسز اکیڈمی والٹن کیمپس لاہور میں زیر تربیت رہتے ہیں لہذا وہ اس دوران لاہور کے مختلف فیڈرل گورنمنٹ اور آرمی پبلک سکولوں میں بھی پڑھائیں گے۔