سوات(آئی این پی)سوات میں حالیہ سیلابی سانحے کی ابتدائی رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بارشوں اور گلیشئیر پھٹنے کے الرٹ پہلے سے جاری کیے جا چکے تھے لیکن اس کے باوجود کئی ہوٹل مالکان نے دریائے سوات کے اندر چارپائیاں اور کرسیاں لگا کر سیاحوں کو بیٹھنے کی سہولت فراہم کی جو سانحے کا بڑا سبب بنی۔ذرائع کے مطابق متاثرہ علاقوں میں دفعہ 144نافذ تھی جس کے تحت ہوٹل مالکان کو دریا کے اندر کوئی ڈھانچہ بنانے سے منع کیا گیا تھا۔تاہم، کئی ہوٹل مالکان نے ان ہدایات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں غفلت برتی جس کے نتیجے میں یہ سنگین سانحہ پیش آیا۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ دریائے سوات کے کنارے بنے کئی ہوٹلز غیر قانونی تجاوزات کی شکل میں ہیں اور ان کی ملکیت بااثر سیاسی اور سرکاری شخصیات کے پاس ہے۔