ملتان( سٹاف رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق واسا ملتان شہریوں کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہے، منیجنگ ڈائریکٹر واسا خالد رضا خان نے محرم الحرام کے پیش نظر اور مون سون سیزن کے پیشگی انتظامات کے حوالے سے فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے خصوصی اقدامات میں تیزی آ گئی ہے،منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے ہفتہ کے روز دہلی گیٹ میں سیوریج لائن کی تبدیلی کے بعد محرم الحرام کے جلوس روٹس پر ٹف ٹائل لگانے ، ڈسپوزل اسٹیشنز کی ورکنگ سمیت فراہمی و نکاسی آب کی سروسز اور سیوریج شکایات کے ازالہ کو چیک کرنے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے دہلی گیٹ چوک پر جلوس روٹس کو ہموار کر کے ٹف ٹائل لگانے کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کا حکم دیا، ایم ڈی واسا نے کڑی جمنداں اور وہاڑی چوک ڈسپوزل اسٹیشن کا بھی دورہ کر کے ان کی ورکنگ کا جائزہ لیا اور ڈسپوزل اسٹیشنز کو ہر وقت فری فال رکھنے اور سکریننگ چیمبرز کی صفائی کے دوران تمام ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے چونگی نمبر 9 ڈسپوزل سٹیشن کا بھی دورہ کر کے ڈریگ لائن مشینری کے ساتھ کلیکٹنگ ٹینکس کی ڈیسیلٹنگ کا عمل کا بھی معائنہ کیا اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈسپوزل اسٹیشنز محمد ساجد کو تمام کلیکٹنگ ٹینکس کی صفائی کا عمل جلد مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ سیوریج نالوں کی صفائی کا عمل بھی بھرپور طریقے سے سر انجام دینے کا حکم دیا ایم ڈی واسا نے اس دوران تمام افسران کو محرم الحرام کی امد کے پیش نظر اپنی اپنی حدود میں الرٹ رہنے اور جلوس روٹس پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار مین ہول کورز کی مرمت کروانے اور سیوریج لائنوں کی بھرپور صفائی کروانے کی ہدایت کی انہوں نے واٹر سپلائی لائن پھٹنے کی شکایت پر چونگی نمبر 6 چوک کا بھی دورہ کیا۔