ملتان (سٹاف رپورٹر) واسا ملتان انتظامیہ کی غفلت کے باعث نیو گلبرک کالونی، مسلم ٹاون میں سیوریج کے پانی نے شہریوں کا عذاب میں مبتلا کردیا، گلیوں میں جگہ جگہ سیوریج کے گندے پانی کے باعث تعفن پھیلنا شروع ہوگیا ہے جس سے متعدی بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے، واسا ملتان کے ملازمین پانی کی سپلائی اور سیوریج کے بل اکھٹا کرنے پر مامور ہیں، شہریوں کی شکایات کے ازالہ کے بجائے واسا کے ملازمین رہائشیوں کو ٹرخانے لگے ۔ نیو گلبرک کالونی ، مسلم ٹاون سمیت گردونواح میں تقریباً 25ہزارافراد رہائش پذیر ہیں ۔ان آبادیوں کو مین سیوریج لائن سے جوڑنے کیلئے 15سے 20ہزار فٹ مین سیوریج لائن ڈالی گئی ہے ، مذکورہ سیوریج لائن 30سال قبل ڈالی گئی ، شہریوں کی غفلت کے باعث سیوریج لائنیں بند ہونا معمول بن گئی ہیں جبکہ دوسری طرف روزنامہ جنگ کے سروے میں شہریوں نے واسا افسران کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے ہیں، محمد فاروق، نعمان ، نوید ، شیخ دلاور نے کہا ہے کہ واسا کے افسران اور ملازمین بے حس ہو چکے ہیں گذشتہ کئی سالوں سے گلبرگ کالونی اور نیو مسلم ٹاون سیوریج کے گندے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، اشرف الحق، محمد عابد ، شیخ ندیم، شیخ آصف نے کہا ہے کہ نیو گلبرگ کالونی اور مسلم ٹاون میں چار بڑی مساجد ہیں ، گلیوں اور مین سڑکوں پر سیوریج کا گندہ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے نمازیوں کو مسجد تک جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ، سیوریج کا گندہ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے فوتیدگی اور خوشی کے وقت بھی شہریوں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، کمشنر ملتان ، ڈی سی ملتان اور ایم ڈی واسا نوٹس لیں اور گلبرگ کالونی اور مسلم ٹاون کا دیرینہ مسئلہ حل کروائیں۔