کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیہ ٹائون گھر میں مبینہ طور پر گیس لیکیج کے باعث دھماکہ سے خاتون اور کم عمر بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، جنہیں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا ، جھلس کر زخمی ہونے والوں میں35 سالہ عابد ولد شبیر اس کی اہلیہ 30 سالہ ایمان عرف فضاء بچوں میں 7 سالہ محمد حسن،8 سالہ حسین ،10 سالہ ایمن ، 3 ماہ کی زینب اور 50 سالہ رخسانہ زوجہ اقبال شامل ہیں، پولیس کے مطابق گیس سلنڈر درست حالت میں پائے گئے ہیں شبہ ہے گیس لائن سے گیس کی لیکج ہوئی اورجیسے ہی چولہا جلانے کی کوشش کی اس دوران دھماکہ ہو گیا ، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے گھر کے معائنے کے بعد ہی دھماکے کی حتمی وجہ سامنے آسکے گی ۔