کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 2 کمسن بچے جاں بحق ہوگئے ، موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگیا ،تفصیلات کے مطابق پرانا گولیمار میں ٹریفک حادثے میں 8سالہ معیز ولد اعجاز شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا ،جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا ،شاہ لطیف ٹائون تھانہ کی حدود رزاق آباد مسجد کے قریب کچرا اٹھانے والے ٹرک کی ٹکر سے تین سالہ عادل شاہ ولد عابد علی شاہ جاں بحق ہوگیا ،پولیس نے حادثہ کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرک تھانہ منتقل کردیا،ڈیفنس تھانہ کی حدود اختر کالونی بس اسٹاپ پر تیز رفتارپانی کے ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہو گیا ، حادثے کے بعد شہریوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے ٹینکر کو روک کراسکے شیشے توڑ دئے،عینی شاہدین کے مطابق ٹینکر ڈرائیور لاپرواہی سے گاڑی چلا رہا تھا، پولیس اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، زخمی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، دریں اثنا گلستان جوہر بلاک 10 ہفتہ بازار مین روڈ فٹ پاتھ سے ایک شخص کی لاش ملی ، فوری طور پر شناخت نہ ہونے کے باعث پولیس نے لاش سرد خانہ منتقل کردی ،پولیس کے مطابق متوفی نشہ کا عادی ہے اور نشہ کی زیادتی کی وجہ سے اسکی موت واقع ہوئی ،کورنگی K ایریا مارکیٹ نجی بینک کے قریب ایک شخص کی لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی ،پولیس نے لاش سرد خانہ منتقل کردی ، الآسف اسکوائر چھوٹا پلازہ فلیٹ سے22سالہ محمد ادریس ولد عبدالطیف کی لاش ملی ،پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد موت کی وجوہات معلوم ہوسکیں گی ،کورنگی نمبر پانچ میں ایک شخص کی لاش ملی، شناخت نہیں ہوسکی ،پولیس نے لاش سرد خانہ منتقل کردی ،پولیس کے مطابق متوفی نشہ کا عادی تھا اور نشہ کی زیادتی سے اسکی موت واقع ہوئی ہے ۔