کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 18 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تمام منصوبوں کو آئندہ دو سال کے اندر مکمل کر لیا جائے گا ،یہ بات انہوں نے بلدیاتی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سےملاقات کے دوران کہی ، میئر کراچی نے وفد کو بتایا کہ موجودہ مالی سال میں 10 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن میں سڑکوں کی تعمیر، پارکس کی بحالی، نکاسی آب اور انفراسٹرکچر کی بہتری شامل ہے،انہوں نے واضح کیا کہ کریم آباد انڈر پاس 30 ستمبر، کورنگی کازوےپل 15 اکتوبر جبکہ شاہراہ بھٹوکا آخری فیز 30 دسمبر تک مکمل کرلیا جائےگا، کوشش ہو گی کہ گلستان جوہرمیں منور چورنگی انڈر پاس کو بھی رواں مالی سال میں ہی مکمل کر لیا جائے، صحافی شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کریں تاکہ عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جا سکے، میئر نے باغ ابن قاسم، سفاری پارک، گارڈن، فریئر ہال اور صادقین آرٹ گیلری سمیت شہر کے نمایاں پارکس اور ثقافتی مقامات کی بحالی کے حوالے سے گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے شہر میں دو جدید پارکنگ پلازہ تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو پارکنگ کے مسائل سے نجات دلائی جا سکے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اپنے تمام اثاثوں کو ڈیجیٹلائز کر رہی ہے تاکہ شہر کے ورثے کو محفوظ کیا جا سکے،چارجڈ پارکنگ کے نظام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میڈیا کا تعاون قابلِ تحسین ہے اور بلدیاتی حکومت اس تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔